20 مارچ 2011 - 20:30

عالمی اہل بیت اسمبلی ـ جس نے اب تک بحرین کے انقلاب کے بارے میں تین بیانات جاری کرکے تشدد اور آمریت کے فوری خاتمے، جارح افواج کے فوری انخلاء اور بحرینی عوام کے قانونی مطالبات فوری طور پر پوری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ـ نے بحرینی عوام کے نام اپنے پیغام میں انہیں استقامت اور پامردی کی دعوت دی ہے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

قال اللہ الحکیم: إن الذین قالوا ربنا اللہ ثم استقاموا تتنزل علیہم الملائکة أن لاتخافوا ولا تحزنوا و ابشروا بالجنة التی کنتم توعدون.

در حقيقت، جن لوگوں نے کہا کہ ہمارا پروردگار اللہ ہے اور پھر اس بات پر استقامت دکھائی فرشتے ان پر اترتے ہیں [اور ان سے کہتے ہیں کہ] تم پر کوئی خوف نہیں ہے اور غمگین مت رہو اور جس بہشت کا تم سے وعده کیا گیا تها اس پر خوش و خرم رہو۔

اے بحرین کی شریف اور انقلابی قوم !

سلام علیکم بماصبرتم؛

دنیا آج حیرت اور تعجب کے ساتھ آپ مظلوم ملت کے قتل و غارت کا تماشا دیکھ رہی ہے، وہ قوم جو پرامن انداز سے صرف اور صرف طویل عرصے کے دوران مسلط حکام کے ہاتھوں ضائع ہونے والے حقوق کے خواہاں ہیں مگر آپ کے اس حق پر مبنی مطالبے کے مد مقابل، کٹھ پتلی حکمرانوں اور علاقے کی کٹھ پتلی حکومتوں کے مہلک ہتھیاروں کا نشانہ بن رہے ہیں اور اپنی آنکھوں سے اپنی خواتین، مردوں اور نوجوانوں کو قتل ہوتا دیکھ رہے ہیں۔عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی سرزمین بحرین میں، اپنے خون میں سونے والے شہیدوں کی روحِ قدسی کے حضور اپنے بہترین تحیات اور سلام کا تحفہ پیش کرتی ہے، حضرت بقیة اللہ (ارواحنا فداہ) اور بحرین کی انقلابی اور مظلوم ملت، خاص طور پر شہداء کے خاندانوں کی خدمت میں اپنی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور اللہ تعالی کی بارگاہ سے توسل کرکے اس ملت کی فتح و کامیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے اور آپ اور دنیا والوں کی توجہ مندرجہ ذیل نکات کی طرف مبذول کراتی ہے:

1. جو تحریک بحرین کی شریف قوم نے کیاست اور الہی فریضے کا احساس کرتے ہوئے اپنے ضائع ہونے والے حقوق کے لئے شروع کی ہے، حق و حقیقت کا مناسب راستہ اور مقدس اہداف تک پہنچنے کے لئے صحیح اور اسلامی انتخاب ہے۔ یقیناً اس راستے اور اس تحریک کی حقانیت پر ایمان راسخ اور یقین کامل، حصول مقصد کو یقینی بنانے کا اہم ترین معاون و پشت پناہ ہے۔ 2. خدائے متعال پر توکل ـ جو تمام حق طلب قوتوں کا ملجأ ہے ـ اور اللہ کی راہ میں استقامت اور انتھک محنت، اللہ کی آیات آیات اور قرآن کے احکام سے تمسک، قطعی طور پر اس راستے کو آسان اور مقصد کے حصول کے حوالے سے قوم کے یقین کو تقویت پہنچائے گا، لہذا آپ ـ ملت بحرین ـ مستحکم اور با استقامت رہیں اور جان لیں کہ اللہ کا مقتدر ہاتھ آپ کے ساتھ ہے۔ 3. دشمنان اسلام ـ بالخصوص عالمی استکبار ـ جان لیں کہ عظیم المیوں اور بحرین کے مظلوم عوام کے قتل عام کی پشت پناہی نیز اقوام کا قتل کرنے والی حکومتوں کے سامنے دوہری پالیسیاں اختیار کرنے کے پھٹے پرانے ہتھکنڈوں کا سہارا لینا یا ان حکومتوں کے مظالم و جرائم میں شرکت کرنا، ان سے اقوام کی نفرت میں اضافے اور مقدس اہداف و مقاصد تک پہنچنے کے سلسلے میں قوموں کے صبر و استقامت اور تحمل و بردباری کی تقویت پر ہی منتج ہوگا۔4. سعودی حکومت اور وہ تمام حکومتیں جن کو عنقریب اپنی قوموں کے سامنے اپنے جرم و ستم کا جواب دینا پڑے گا، آج اپنے اندرونی مسائل پر پردہ ڈالنے کے لئے بحرین پر لشکرکشی کئے ہوئے ہیں اور بحرین کے عوام کا قتل عام کررہے ہیں۔ ان حکومتوں کو جان لینا چاہئے کہ عنقریب بحرینی ملت کے سامنے شرمندہ اور جوابدہ ہونگے اور ان کے بہانے ان کی ملتوں کی طرف سے ان کے خلاف قانونی کاروائی میں رکاوٹ نہیں بن سکیے گے۔ 5. بحرین کی شریف اور بزرگوار ملت! جان لیں کہ سفاک اور کٹھ پتلی حکمرانوں کے استبداد و آمریت سے نجات کا واحد راستہ اللہ پر توکل، قرآن سے توسل، وحدت و یکجہتی، ہر قسم کے اختلاف سے دوری اور دشمنوں کی طرف سے فتنہ انگیزی اور اختلاف انگیزی پر مبنی سازشوں سے ہوشیاری، ہے۔ ید اللہ مع الجماعة (اللہ کا ہاتھ جماعت کے ساتھ ہے)، مطمئن رہیں کہ اللہ آپ کے ساتھ ہے اور آپ ہی کامیاب ہیں۔آخر میں عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی ایک بار پھر لیبیا، یمن، مصر اور دیگر ممالک کے مسلمانوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے وقت کے اس اہم مرحلے کی حساسیت کی یادآوری کرتی ہے اور عالمی استکبار اور دشمنان اسلام کی سازشوں کے سامنے مسلم معاشروں کی ہوشیاری اور ذکاوت و کیاست کو ناگزیر ضرورت سمجھتی ہے۔

کامیابی اور نصرت الہی کی امید کے ساتھ؛

 ان تنصروا اللہ ینصرکم و یثبت اقدامکم.

عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی20 مارچ 2011

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110